پاکستان فٹبال کے سنہری دن واپس لانے کا وقت آچکا ،، محسن گیلانی کی قیادت میں مثبت تبدیلیاں شروع ہوچکی ہیں، محمد ارشد

جمعرات 2 اکتوبر 2025 19:19

پاکستان فٹبال کے سنہری دن واپس لانے کا وقت آچکا ،، محسن گیلانی کی قیادت ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز کھلاڑی محمد ارشد نے کہا ہے کہ پاکستان میں فٹبال فیڈریشن کے معاملات درست سمت پر آگئے ہیں اور اب یہ کھیل بہتری کی راہ پر گامزن ہے جبکہ قومی سطح پر کمیٹیاں بننے،تعلیمی اداروں کی سطح پراس کھیل کوفروغ دنیے، تربیتی کیمپوں اور مقابلوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کی انٹرنیشنل سرگرمیوں کا آغاز ایک بڑی اور خوش آئند تبدیلی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ارشد کا کہنا تھا کہ موجودہ صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی ایک کہنہ مشق اور تجربہ کار اسپورٹس شخصیت ہیں، ان کا بین الاقوامی اور ایشین فیڈریشنز کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ پاکستان فٹبال کے لیے بہت سودمند ثابت ہوگا، ان شا اللہ پاکستان فٹبال کو اس سے نیا حوصلہ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہاکہ ایک وقت تھا جب پاکستان فٹبال اپنے عروج پر تھا۔

بین الاقوامی سطح پر ہمارا بول بالا تھا،قومی ٹیم سے لے کر صوبائی اور ڈسٹرکٹ سطح تک، بلکہ گلی کوچوں میں کھیلنے والے بچوں میں بھی ایک ولولہ اور جذبہ موجود تھالیکن بدقسمتی سے اندرونی اختلافات نے کھیل کو شدید نقصان پہنچایا، کمیٹیوں نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں اور یوں فٹبال کے میدان برسوں خاموشی کا شکار رہے۔ محمد ارشد نے اس موقع پر موجودہ فیڈریشن کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر محسن گیلانی کی بہتر حکمتِ عملی نے دوبارہ فٹبال کے میدان کو آباد کردیا ہے،آج ایک بار پھر سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں اور فٹبال کے تمام شعبوں سے وابستہ افراد کو متحد کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان فٹبال کو زندہ کیا جائے اور اس کے وقار کو بحال کیا جائے۔

محمد ارشد نے بتایا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ملک کے تعلیمی اداروں، یعنی اسکول اور کالج لیول پر فٹبال کے فروغ کا پلان تشکیل دیا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی ادارے ہمارے لیے ایک نرسری کا درجہ رکھتے ہیں، اس اقدام کے ذریعے سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں اور کوالیفائیڈ کوچز کے تعاون سے گراس روٹس لیول پر بہترین فٹبال ٹیلنٹ کو تلاش اور پالش کیا جا سکے گا، جو یقینا پاکستان فٹبال کی ترقی کے لیے ایک نیک شگون ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع دینے کے لیے انٹرنیشنل کھلاڑیوں اور کوالیفائیڈ کوچز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں،جونیئر ٹیموں کو بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں بھیجا جا رہا ہے۔ ان اقدامات سے نئے ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا،اللہ کے فضل سے اب پاکستان فٹبال کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔