اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مکمل قبضے کی کوشش سنگین نتائج کا باعث بنے گی ، چین

بدھ 6 اگست 2025 17:45

اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)چین نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مکمل قبضے کی کوشش سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے ۔چینی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مکمل قبضے کی اطلاعات باعث تشویش ہیں، اور ایسی کسی بھی کارروائی کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسرائیل نے اپنی فوجی کارروائیاں بڑھاتے ہوئے غزہ پر مکمل قبضے کا فیصلہ کیا ہے۔ چین کو اس صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ان خطرناک اقدامات کو روکے۔چینی سفیر نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ فوری، پائیدار اور مثر جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچیں۔

(جاری ہے)

انہوں نیاس تنازع میں اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک اپیل کی کہ وہ منصفانہ اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔چینی مندوب نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 60 ہزار سے زائد عام شہری شہید ہو چکے ہیں، جب کہ ہر روز مزید معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ صرف فوجی طاقت سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، اور فوری جنگ بندی ہی وہ راستہ ہے جس سے جانیں بچائی جا سکتی ہیں اور یرغمالیوں کو رہا کیا جا سکتا ہے۔

گینگ شوانگ نے کہا کہ غزہ کے 20 لاکھ معصوم شہری نہ صرف جنگ کا ایندھن بنے ہوئے ہیں بلکہ مصنوعی بحرانوں کا بھی شکار ہیں۔ انہوں نے باور کر ایا کہ اسرائیلی محاصرے اور ناکہ بندی کے باعث علاقے میں انسانی بحران سنگین صورت اختیار کر چکا ہے اور شدید قحط کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امدادی رسائی کو محدود کرنا نہ صرف اجتماعی سزا کے مترادف ہے بلکہ یرغمال افراد کے لیے بھی خطرہ بڑھا دیتا ہے، کیونکہ انہیں زندگی بچانے والی امداد تک رسائی حاصل نہیں ہو رہی ہے ۔

چینی سفیر نے زور دیا کہ اسرائیل بین الاقوامی قانون، خاص طور پر انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کی مکمل پاسداری کرے، اور اقوام متحدہ سمیت دیگر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے اداروں کو امداد کی فراہمی میں مکمل تعاون فراہم کرے۔گینگ شوانگ نے اس موقع پر دو ریاستی حل پر مکمل عملدرآمد کو مسئلہ فلسطین کے حل کا واحد مثر راستہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اس مسئلے کا دیرپا حل ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو ایسے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرنی چاہیے جو دو ریاستی حل کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین، عالمی برادری کے ساتھ مل کر، غزہ میں جنگ بندی، انسانی بحران کے خاتمے، اور ایک جامع، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے کام جاری رکھے گی ۔