مانسہرہ پولیس کے چار افسران کو قومی اعزازات سے نوازا گیا

بدھ 6 اگست 2025 17:46

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) مانسہرہ پولیس کے چار افسران کو قومی اعزازات سے نوازا گیا، شہید انسپکٹر مبارک خان کو ”قائداعظم پولیس میڈل“ اور دیگر تین افسران کو ”صدارتی پولیس میڈل“ دیا گیا۔ خیبر پختونخوا پولیس کے افسران و جوانوں کی جرات، قربانی اور فرض شناسی کو قومی سطح پر خراج تحسین پیش کرنے کے سلسلہ میں مانسہرہ پولیس کے چار افسران و جوانوں کو اعلیٰ قومی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی سفارش پر صدر پاکستان کی جانب سے شہید انسپکٹر مبارک خان (سابق ایس ایچ او سٹی مانسہرہ) کو قائداعظم پولیس میڈل، ڈی ایس پی سٹی مانسہرہ فاروق خان، ڈی ایس پی ٹریفک راجہ خوشحال خان اور ٹی او امجد خان کو صدارتی پولیس میڈل سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

یہ اعزازات ان افسران کو 2 اگست 2013کو پیش آنے والے ایک دلیرانہ آپریشن میں ان کی شاندار کارکردگی اور قربانی کے اعتراف میں دیا گیا۔

واقعہ کے روز چہلم اہلِ تشیع کی ڈیوٹی کے دوران جب پولیس نفری جس میں ایس ایچ او سٹی مبارک خان، ایس ایچ او صدر فاروق خان، ایڈیشنل ایس ایچ او راجہ خوشحال خان اور ٹریفک اہلکار امجد خان شامل تھے، کہو والی زیارت کے قریب موجود تھے کہ انہیں اطلاع ملی کہ یو بی ایل بینک (ناڑی والی مسجد کے سامنے) پر ڈکیتی کی واردات ہو رہی ہے۔ پولیس نفری فوراً موقع پر پہنچی اور مسلح ڈاکوئوں سے مقابلہ کیا۔

اس دوران انسپکٹر مبارک خان شہید ہو گئے جبکہ فاروق خان، راجہ خوشحال خان اور کانسٹیبل امجد شدید زخمی ہوئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد گروہ کے متعدد افراد ہلاک ہوئے اور بھاری اسلحہ، ہینڈ گرینڈ، نقدی، پستول اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ بعد ازاں گروہ کے دیگر دہشت گردوں کو ایبٹ آباد پولیس نے بھی واصلِ جہنم کیا۔ شہید انسپکٹر مبارک خان کی قربانی کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ”قائداعظم پولیس میڈل“ سے نوازا جو ان کے بیٹے یاسر نے وصول کیا۔

آئی جی پی خیبر پختونخوا نے کہا کہ یہ اعزازات نہ صرف ان افسران کی بے مثال قربانیوں کا اعتراف ہیں بلکہ خیبر پختونخوا پولیس کی جدوجہد اور فرض شناسی کی علامت بھی ہیں۔ مانسہرہ پولیس ان شہدااور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔