صوبے بھر میں معرکہ حق کے عنوان سے کھیلوں کی تقریبات بھرپور جوش و جذبے سے جاری ہیں، ترجمان

بدھ 6 اگست 2025 18:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے صوبے بھر میں "معرکہ حق" کے عنوان سے کھیلوں کی تقریبات بھرپور جوش و جذبے سے جاری ہیں۔مقابلوں میں تائیکوانڈو، کبڈی، شوٹنگ بال، فٹبال، بیڈمنٹن اور بچوں کی دوڑ سمیت مختلف کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد کیا گیا جن میں 1500سو سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔بدھ کو ترجمان محکمہ کھیل سندھ کے مطابق کراچی کے ضلع ملیر میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر سنی پرویز کی زیر نگرانی معرکہ حق انٹر ڈسٹرکٹ تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

ایونٹ کے اختتام پر جیتنے والے کھلاڑیوں میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ضلع شہید بینظیر آباد میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالرحیم راجپوت کی جانب سے شہید راجہ عزیز بھٹی نشانِ حیدر کے نام سے شوٹنگ بال ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا جس میں 8 ٹیموں نے حصہ لیا، فرینڈز شوٹنگ بال کلب نواب شاہ نے فائنل میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ونر ٹرافی، اسناد اور نقد انعام اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

نوشہروفیروز میں اسپورٹس آفیسر شہباز خان کی سربراہی میں کبڈی ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں پپو راجپر ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 12 پوائنٹس کے ساتھ میدان مار لیا۔ضلع قمبر شہدادکوٹ میں اسپورٹس آفیسر محفوظ علی کی نگرانی میں فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جبکہ مٹھی میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عاطف آرائین کی جانب سے سندھی ثقافتی کھیل کوڈی کوڈی کا دلچسپ مقابلہ منعقد ہوا۔

ضلع سجاول میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حنا رفیق راجپوت کی نگرانی میں گرلز و بوائز ریس مقابلے کرائے گئے، جن میں 50میٹر، 100میٹر اور 200میٹر کی دوڑ شامل تھی۔ترجمان نے کہا کہ 100میٹر کی ریس میں غلام فرید جبکہ 50میٹر کی ریس میں ریحان اور 200میٹر کی ریس میں فراز نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔بدین میں ضلعی اسپورٹس آفیسر انور علی روشن کی جانب سے گرلز و بوائز بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا اہتمام کیا گیا، جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ترجمان محکمہ کھیل سندھ نے بتایا کہ ان کھیلوں کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنا اور "معرکہ حق" یومِ آزادی کی خوشیوں کو کھیلوں کے ذریعے منانا ہے۔