ڈپٹی کمشنر وہاڑی کی زیر صدارت مختلف سرکاری اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس

بدھ 6 اگست 2025 18:55

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر کی زیر صدارت مختلف سرکاری اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب، انسداد تجاوزات، مون سون و ممکنہ سیلابی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی و صحت سہولیات سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق تمام محکمے سروس ڈیلیوری میں بہتری کو یقینی بنائیں۔

مون سون کے پیش نظر میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسل پیشگی انتظامات مکمل رکھیں جبکہ عوامی مقامات پر واش رومز کی تعمیر میں بھی تیزی لائی جائے۔انہوں نے "ستھرا پنجاب" پروگرام کے تحت ہر گاؤں کے باہر صفائی شیڈول بورڈز آویزاں کرنے، شہر کی خوبصورتی اور انسداد تجاوزات مہم تیز کرنے اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے "مادر علمی سے رابطہ" فیز 2 کو مؤثر بنانے، سکولز و کالجز میں ایلومینائی ڈنرز منعقد کرانے اور گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد "ایک طالبعلم، ایک پودا" مہم بھرپور انداز سے چلانے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے تعلیمی اداروں میں بغیر ہیلمٹ و ڈرائیونگ لائسنس آنے والے طلبہ کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم چلانے پر زور دیا، جبکہ اسپتالوں میں صفائی، کینٹین، پارکنگ فیس، اور بس اڈوں پر سہولیات کی بہتری کے لیے بھی احکامات دیے۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر سخت نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیلابی خطرات کے پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ رہنے اور کیمپس کے قیام کے احکامات بھی جاری کیے۔\378