ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ شہید بینظیرآباد خان محمد زرداری کا پی پی ایچ آئی کے زیرِ نگرانی چلنے والے ہیلتھ یونٹ پلس بچھیری کا دورہ

بدھ 6 اگست 2025 18:58

نوابشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ شہید بینظیرآباد خان محمد زرداری نے پی پی ایچ آئی کے زیرِ نگرانی چلنے والے رورل ہیلتھ سینٹر دوڑ اور بیسک ہیلتھ یونٹ پلس بچھیری کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے صحت مراکز میں صفائی کی صورتحال اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا، جبکہ علاج کے لیے آنے والے مریضوں سے ادویات، ٹیسٹوں اور دیگر طبی سہولیات کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کیں۔

اس موقع پر مریضوں کی جانب سے ادویات کی عدم دستیابی سمیت دیگر طبی سہولیات کی کمی کی شکایات کی گئیں۔اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر خان محمد زرداری نے اسپتال انتظامیہ پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ مریضوں کو ٹیسٹ، ادویات سمیت دیگر علاج معالجے کی معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ اسپتالوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ریجنل ڈائریکٹر خان محمد زرداری نے کہا کہ اسپتالوں کے دورے کا مقصد غریب مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ بھی اسپتالوں کے اچانک دورے کریں گے۔اس موقع پر اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق ریجنل ڈائریکٹر کو آگاہ کیا۔\378