ہاکی انڈیا کیسے کہہ سکتی ہے کہ ہم نے ایشیاء کپ کھیلنے سے انکار کیا ہے : طارق بگٹی

ہماری جگہ بنگلا دیش کو دعوت دینے کا ہمیں علم نہیں، ہمارا رابطہ ہاکی انڈیا سے نہیں بلکہ ایشین ہاکی فیڈریشن سے ہوتا ہے : صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن گفتگو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 اگست 2025 12:01

ہاکی انڈیا کیسے کہہ سکتی ہے کہ ہم نے ایشیاء کپ کھیلنے سے انکار کیا ہے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اگست 2025ء ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے کہا ہے کہ ہاکی انڈیا کیسے کہہ سکتی ہے کہ ہم نے ایشیاء کپ کھیلنے سے انکار کیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ میں عدم شرکت کے فیصلے کے حوالے سے کسی سے بات نہیں ہوئی، ہاکی انڈیا کے ساتھ نہ پہلے رابطہ تھا نہ اب کوئی رابطہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ ہاکی انڈیا جو مرضی کہتی رہے جس کو مرضی دعوت دے، ہماری جگہ بنگلا دیش کو دعوت دینے کا ہمیں علم نہیں، ہمارا رابطہ ہاکی انڈیا سے نہیں بلکہ ایشین ہاکی فیڈریشن سے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ ہم نے نہیں حکومت نے کرنا ہے، حکومت جو فیصلہ کرے گی وہی فیصلہ ہمارا ہو گا، حکومت پاکستان کے فیصلے کے منتظر ہیں، حکومت نے ہی اعلان کرنا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی اخبار نے ہاکی انڈیا کے آفیشل کی گفتگو کو رپورٹ کیا تھا، ہاکی انڈیا کے آفیشل نے پاکستان کے انکار اور ٹیم کے بھارت نہ آنے کا دعویٰ کیا تھا، ہاکی انڈیا نے پاکستان کی جگہ بنگلا دیش کو دعوت دیے جانے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔