پی ایف ایف کا بڑا اقدام، قومی فٹسال ٹیم کے پہلے ٹراٹ لاہور میں ہوں گے

جمعرات 7 اگست 2025 12:36

پی ایف ایف کا بڑا اقدام، قومی فٹسال ٹیم کے پہلے ٹراٹ لاہور میں ہوں گے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے قومی فٹسال ٹیم کے لیے تاریخ میں پہلی بار ٹراٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹراٹ ایشیائی سطح کے سب سے بڑے فٹسال ایونٹ ''اے ایف سی فٹسال ایشین کپ انڈونیشیا 2026’’کے کوالیفائرز سے قبل منعقد کیے جا رہے ہیں۔قومی سطح پر ہونے والے ان ٹراٹس میں ملک بھر سے فٹسال کے کھلاڑی حصہ لے سکیں گے۔

یہ ٹراٹ 10 اگست 2025 بروز اتوار کو لاہور کے ڈی ایچ اے فیز 8 میں واقع 5th جنریشن اسپورٹس کمپلیکس میں صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہیں گے۔پی ایف ایف کے مطابق ٹراٹ میں شرکت کے خواہشمند کھلاڑیوں کے لیے قومی شناختی کارڈاور پاسپورٹ ہمراہ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ ان کی شناخت اور اہلیت کی تصدیق کی جا سکے۔

(جاری ہے)

فیڈریشن کی ٹیکنیکل ٹیم ان ٹراٹس کے بعد قومی سکواڈ کو حتمی شکل دے گی، جس کے بعد ٹیم کا تربیتی کیمپ ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو اے ایف سی فٹسال ایشین کپ کوالیفائرز میں گروپ ڈی میں شامل کیا گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ عراق، چائنیز تائی پے اور میزبان ملک سعودی عرب سے ہوگا۔گروپ ڈی کے تمام میچز دمام، سعودی عرب میں کھیلے جائیں گے جہاں پاکستان اپنا پہلا میچ 20 ستمبر کو عراق، دوسرا 22 ستمبر کو سعودی عرب اور تیسرا 24 ستمبر کو چائنیز تائی پے کے خلاف کھیلے گا۔یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان فٹسال فیڈریشن قومی سطح پر فٹسال ٹیم تشکیل دینے جا رہی ہے، جسے ماہرین پاکستانی فٹسال کے فروغ کی جانب ایک سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔