میری محنت رائیگاں نہیں جائیگی ،وہ دن دورنہیں جب بلاول بھٹو ملک کے وزیراعظم ہونگے‘ سردارسلیم حیدر

بدھ 6 اگست 2025 22:49

میری محنت رائیگاں نہیں جائیگی ،وہ دن دورنہیں جب بلاول بھٹو ملک کے وزیراعظم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ساجد قریشی نے ملاقات کی۔انہوں نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر 5 اگست کو تحریک انصاف کی احتجاجی کال کو مکمل طور طرح مسترد کر دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور خود تحریک انصاف کے ورکرز روز روز کے احتجاج اور مظاہروں سے تنگ آگئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اب ترقی کی طرف گامزن ہے اور احتجاجی مظاہروں متحمل نہیں سکتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی اور حقیقی جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑتی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے بلاول بھٹو کے دست بازو ہیں اورمیں خود بھی ایک جیالا کارکن ہوں جسے پیپلز پارٹی نے پنجاب کا گورنر بنایا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے تحریک انصاف کے کارکن جلد بلاول بھٹو کے قریب ہوں گے۔اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نئے آنے والے کارکنوں کو خوش آمدید کہتی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اب صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے پاکستان سے پیپلز پارٹی میں لوگ جوک در جوک شامل ہورہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ میری محنت رائیگاں نہیں جائے گی اور وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کو عہدوں سے نوازتی ہے۔ ساجد قریشی نے کہا کہ روز روز کے دھرنوں اور احتجاجی سیاست سے تنگ آکر تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جو سیاسی پارٹی ملکی مفادات میں نہ ہو اس میں نہیں رہ سکتے۔