ہارون اختر سے جاپان کے سفیر آکاماتسو شویچی کی ملاقات

ورلڈ ایکسپو 2025ء میں شرکت کیلئے جاپان کا دورہ کرنے کی دعوت

بدھ 6 اگست 2025 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے پاکستان میں جاپان کے سفیر آکاماتسو شویچی نے ملاقات کی جس میں جاپانی سفیر نے ہارون اختر خان کو باضابطہ طور پر ورلڈ ایکسپو 2025 میں شرکت کیلئے جاپان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جہاں وہ پاکستانی پویلین میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور ملک کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کریں گے۔

معاون خصوصی ہارون اختر خان اپنے اس دورے کے دوران جاپان کے اعلی حکومتی عہدیداران بشمول وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور جاپان کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ میں پہلے بھی جاپان جا چکا ہوں اور جاپانی عوام کی محنت اور ٹیکنالوجی سے گہرا تاثر لیا ہے، جاپانی مصنوعات ہمیشہ اپنے اعلی معیار کی وجہ سے قابل اعتماد سمجھی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کے وسیع تر وژن کو اجاگر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم نئی انڈسٹریل پالیسی اور نیو انرجی وہیکل پالیسی متعارف کروا رہے ہیں جن کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور کاروباری آسانیاں پیدا کرنا ہے، جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کا یہ بہترین وقت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے اور یہ شراکت داری طویل مدتی معاشی ترقی کیلئے سودمند ثابت ہوگی۔ہارون اختر خان 12 اگست 2025 کو جاپان کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔