ْاسلام آباد میں گورننس کے موثر نظام کے قیام کیلئے آئی سی ٹی گورننس ریفارمز کمیٹی کا اجلاس

شہریوں کو بااختیار بنانے اور نمائندگی کے اصول کو مرکزی حیثیت دی جائے گی، احسن اقبال

بدھ 6 اگست 2025 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)وزیر اعظم کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں گورننس سے متعلق مسائل کے حل کے لیے قائم کردہ آئی سی ٹی گورننس ریفارمز کمیٹی کا اجلاس وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سینیٹر بیرسٹر ظفراللہ خان، اراکینِ قومی اسمبلی راجہ خرم نواز اور انجم عقیل، ممبر گورننس پلاننگ کمیشن ڈاکٹر عدنان رفیق، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور وزارتِ منصوبہ بندی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سینیٹر بیرسٹر ظفراللہ خان نے کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ سب کمیٹی کی سفارشات پیش کیں اور اسلام آباد کے موجودہ گورننس نظام میں موجود قانونی و انتظامی خلا اور پیچیدگیوں پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

شرکا نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں گورننس کا کوئی واضح اور مربوط ماڈل موجود نہیں، جس کے باعث سروس ڈیلیوری اور عوامی فلاح و بہبود پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو ایک مثر، فعال اور شفاف نظامِ حکمرانی کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام گورننس اصلاحات کا مرکز شہریوں کو نمائندگی کا حق دینا اور ان کی روزمرہ زندگی سے متعلق فیصلوں میں انہیں شراکت دار بنانا ہونا چاہیے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد کے لیے گورننس ماڈل کو جمہوری اصولوں، شفافیت اور شراکت داری کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے تاکہ یہ ماڈل دیگر شہری مراکز کے لیے بھی قابل تقلید مثال بن سکے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد کا محدود سائز اور تنوع اسے گورننس اصلاحات کے لیے ایک مثالی تجربہ گاہ بناتا ہے، جسے کامیابی سے نافذ کر کے دوسرے شہروں میں وسعت دی جا سکتی ہے۔اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اسلام آباد میں اب بھی مارشل لا دور کے 1980 کے صدارتی آرڈیننس نمبر 18 کے تحت گورننس کا نظام رائج ہے، جسے فوری طور پر موجودہ جمہوری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اسلام آباد کو ایک ماڈل اور جدید شہر کے طور پر ترقی دی جا سکے۔وفاقی وزیر نے اجلاس کے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اسلام آباد کے شہریوں کو ایک جامع، مثر اور بااختیار گورننس ماڈل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔