پاکستان اور عراق کا ام قصر پورٹ اور گوادر پورٹ کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 6 اگست 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) پاکستان اور عراق نے عراق میں ام قصر پورٹ اور پاکستان میں گوادر پورٹ کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرکے اپنے سمندری تعاون کو مضبوط بنانے اور نئے سمندری راستوں کی تلاش پر اتفاق کیا ہے۔یہ معاہدہ وفاقی وزیر برائے سمندری امور محمد جنید انوار چوہدری اور اسلام آباد میں عراقی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن عبدالقادر سلیمان الہیمیری کی قیادت میں تین رکنی وفد کے درمیان ملاقات کے دوران طے پایا۔

اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے اسے دو طرفہ تعلقات میں ایک نیا باب قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمندری مسافر اور کارگو روابط دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات اور مذہبی سفر کو وسعت دینے پر استوار ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان عراق کی پوٹاشیم سلفیٹ کی ضروریات پوری کر سکتا ہے کیونکہ گوادر فری زون میں مینوفیکچرنگ کی سہولت پہلے سے موجود ہے۔

جنید انوار چوہدری نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے انتخابات میں پاکستان کی شرکت سے قبل عراق کی حمایت بھی مانگی۔آئی ایم او اقوام متحدہ کی ایک خصوصی ایجنسی ہے جو بین الاقوامی شپنگ کو ریگولیٹ کرنے کی ذمہ دار ہے جس کا بنیادی مقصد عالمی سمندری نقل و حمل کی حفاظت، سلامتی اور ماحولیاتی پائیداری کو یقینی بنانا ہے۔پاکستان کی بلیو اکانومی کی حکمت عملی کے تحت بندرگاہ کی سرگرمیوں میں اضافے اور سپلائی چین کی توسیع کے امکانات پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ فیری کنکشن ہمارے مشترکہ ثقافتی اور مذہبی رشتوں کو فائدہ پہنچا سکتا ہے اور کاروبار کے نئے مواقع کھول سکتا ہے۔