بورے والا،زمین کے تنازعہ پر مخالفین کی فائرنگ سے زمیندارقتل ،بھائی اور کزن شدید زخمی

جمعرات 7 اگست 2025 14:00

بورے والا،زمین کے تنازعہ پر مخالفین کی فائرنگ سے زمیندارقتل ،بھائی ..
بورے والا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) بورے والا میں زمین کے تنازع پر مخالفین کی فائرنگ سے زمیندار قتل، جبکہ اسکا بھائی اور کزن شدید زخمی ہوگئے۔نواحی گاؤں 265/ای بی کے رہائشی چوہدری محمد اکرم اور محمد افتخار وغیرہ کا اسی گاؤں کے ظاہر، طیب اور اشرف وغیرہ سے زمین کا تنازعہ چل رہا تھا گزشتہ روز چوہدری محمد اکرم انکا بھائی محمد اسلم اور کزن محمد افتخار دیگر افراد کے ہمراہ اپنے زرعی رقبہ پر موجود تھے کہ اچانک ظاہر، طیب،محمد اشرف،احمد علی اور وسیم کار اور ٹریکٹر پر سوار ہو کر موقع پر آ گئے اور مکئی کی فصل پر ناجائز قبضہ کی نیت سے ٹریکٹر سے ہل چلانا شروع کر دیا،منع کرنے پر وسیم کے کہنے پرظاہر،محمد اشرف اور احمد علی نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چوہدری محمد اکرم،محمد اسلم اور افتخار شدید زخمی ہو گئے،زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال بورےوالا منتقل کیا گیا، جہاں سے محمد اکرم اور محمد اسلم کو تشویشناک حالت کے باعث ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال ریفر کر دیا گیا،مگر محمد اکرم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا جبکہ محمد اسلم کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

تھانہ صدر پولیس زخمی افتخار کی درخواست پر ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل، زمین پر ہل چلانے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔\378