Live Updates

پارلیمنٹ کا حصہ رہیں گے، عمران خان سے ملاقات میں ضمنی الیکشن پر بات کروں گا، چیئرمین پی ٹی آئی

5 اگست کا احتجاج عروج نہیں تھا آگے اس سے بھی بہتر ہوگا، کمپرومائز کا لفظ ہماری ڈکشنری میں نہیں ہے، ہمارے لوگ تمام تر مشکلات کے باوجود عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں؛ بیرسٹر گوہر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 اگست 2025 14:04

پارلیمنٹ کا حصہ رہیں گے، عمران خان سے ملاقات میں ضمنی الیکشن پر بات ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست 2025ء ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کا حصہ رہیں گے میدان خالی نہیں چھوڑ رہے، عمران خان سے خود ملاقات کروں گا تو اس کے بعد ضمنی الیکشن کے بارے میں بات کروں گا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان کو کروڑوں روپے کی پیشکش ہوئی مگر ہم نے انکار کیا، سب کچھ قربان کردیا لیکن کمپرومائز نہیں کیا، اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، جن لوگوں کے بچے، گھر اور کاروبار متاثر ہوئے وہ آج بھی پارٹی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ساتھ کل بھی تھے، آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

بیرسٹر گوہرعلی خان کہتے ہیں کہ جن افراد نے کیسز ختم کرانے اور مراعات لینے کے لیے سمجھوتے کیے، ہمارا راستہ ان سے مختلف ہے، ہم نے پارلیمنٹ کا میدان خالی نہیں چھوڑا، انتخابی عمل میں دھاندلی کے باوجود ہار تسلیم نہیں کی، ہم نے آسان راستوں کو مسترد کرکے مشکل راستہ چُنا ہے کیوں کہ ہمارا یقین اصولوں پر ہے فائدوں پر نہیں، پارلیمنٹ کا حصہ رہیں گے میدان خالی نہیں چھوڑ رہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ تینوں اپوزیشن لیڈرز کو سنے بغیر نااہل کیا گیا جو آئین و قانون کی صریح خلاف ورزی ہے، ہمیں سنا ہی نہیں گیا، الیکشن کمیشن کو ہمیں سننا چاہیے تھا، یہ پہلا الیکشن کمیشن ہے جو خود سٹے آرڈر پر چل رہا ہے، انہیں ڈائریکٹ نااہلی کا اختیار نہیں، ہم اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے، پارٹی ان نااہل قرار دیئے گئے رہنماؤں کی جگہ کسی اور کو نامزد نہیں کرے گی، عوام سڑکوں پر نکلے اور آواز بلند کی، ملک بھر کے 170 اضلاع میں بھرپور اور پُرامن احتجاج کیا گیا کیوں کہ ہم پرامن لوگ ہیں اس لیے پرامن احتجاج ہوا اور عوام نے ثابت کیا کہ وہ آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات