پاکستان کو خطے میں سب سے کم امریکی ٹیرف سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے،عاطف اکرام شیخ

جمعرات 7 اگست 2025 17:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ خطے میں امریکا کی جانب سے پاکستان کیلئے سب سے کم ٹیرف سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے، انڈسٹری کیلئے ٹیکسز اور بجلی و گیس کی قیمتیں کم ٹیرف سے فائدہ اٹھانے میں رکاوٹ ہیں، خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ پیداواری لاگت اس فائدے کو غیر موثر کر سکتی ہے، حکومت کو فوری طور پر معاملے پر توجہ دے کر صنعتی شعبے کیلئے توانائی قیمتوں میں کمی کرنی چاہئے۔

جمعرات کو امریکا سے تجارت اور ٹیرف کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر خطے میں سب سے کم ٹیرف عائد کیا گیا ہے، بھارت پر عائد امریکی ٹیرف 50 فیصد، بنگلہ دیش اور ویتنام پر 20 فیصد جبکہ پاکستان پر 19 فیصد ہے، خطے میں امریکا کی جانب سے سب سے کم ٹیرف سے پاکستان کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ پیداواری لاگت اس فائدے کو غیر موثر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے لئے ٹیکسز اور بجلی و گیس کی قیمتیں کم ٹیرف سے فائدہ اٹھانے میں رکاوٹ ہیں، حکومت فوری طور پر معاملے پر توجہ دے کر صنعتی شعبے کیلئے توانائی قیمتوں میں کمی کرے، پیداواری لاگت میں کمی سے امریکا کو برآمدات خصوصا ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں بڑا اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ برآمدی شعبے میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے، پاکستان کو فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہو گا، کم ٹیرف، سنگل ڈیجیٹ شرح سود، پائیدار پالیسیاں اور طویل المدتی منصوبہ بندی ہی مسائل کا حل ہے۔