ٹیلی کام چارجز عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا اہم پالیسی پیشرفت ہے ، سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوئی،چیئرمین پی ٹی اے

جمعرات 7 اگست 2025 20:28

ٹیلی کام چارجز  عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا   اہم پالیسی پیشرفت  ہے ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے ٹیلی کام چارجز کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کو ایک اہم پالیسی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل کوششوں اور حکومتی اداروں سے مؤثر مشاورت کے نتیجے میں یہ ممکن ہوا اور یہ سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوئی۔

جمعرات کو پی ٹی اے نے جی ایس ایم اے ڈیجیٹل نیشن سمٹ 2025 میں بھرپور شرکت کے ذریعے محفوظ، مربوط اور جامع ڈیجیٹل پاکستان کے سفر میں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔سمٹ میں ’’ریگولیٹر کا نقطہ نظر: ایک مضبوط ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تعمیر‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی حفیظ الرحمان نے پی ٹی اے کے مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیلی کام چارجز کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کو ایک اہم پالیسی پیشرفت قرار دیا جو کہ مسلسل کوششوں اور حکومتی اداروں سے مؤثر مشاورت کے نتیجے میں ممکن ہوئی اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے ’’رائٹ آف وے‘‘ (آر او ڈبلیو) فریم ورک کو ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فائبر آپٹک نیٹ ورک کی تنصیب میں حائل دیرینہ رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں جس کے نتیجے میں نیٹ ورک کی توسیع اور خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ تک بہتر رسائی، جامع اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔

مستقبل کی کنکٹیویٹی پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے سپیکٹرم سے متعلق چیلنجز کے بروقت حل اور فائیو جی سروسز کے جلد اجرا کو قومی ترجیحات کے حوالے سے سرفہرست قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی، سرکاری اور بین الاقوامی اداروں کے مابین مؤثر اشتراک، ڈیجیٹل ترقی کے فروغ اور ایک جدید، مربوط اور بااختیار ڈیجیٹل ریاست کے قیام میں ناگزیر ہے۔انہوں نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ مسلسل پالیسی اصلاحات، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ڈیجیٹل جدت کے فروغ میں پی ٹی اے کا ایک اہم کردار ہے جو نہ صرف ایک جامع اور پائیدار ڈیجیٹل تبدیلی کی بنیاد ہے بلکہ قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی ایک اہم پیشرفت ہے۔