Live Updates

محکمہ موسمیات کی آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

جمعرات 7 اگست 2025 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ ایک بارش لانے والا موسمی نظام کشمیر کے علاقوں پونچھ، باغ، حویلی اور سدھنوتی میں تشکیل پا رہا ہے۔

پیغام کے مطابق، یہ نظام آئندہ چند گھنٹوں کے دور ان آزاد کشمیر کے کوٹلی، راولا کوٹ، بھمبر، میرپور، اور وادی نیلم، نیز خیبر پختونخوا کے مظفرآباد، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہستان، مری، گلیات اور گردونواح کے علاقوں میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا باعث بن سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اپ ڈیٹس سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، جون کے آخر میں مون سون سیزن کے آغاز سے اب تک بارشوں سے متعلقہ واقعات میں صوبے بھر میں کم از کم 71 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے نصف سے زیادہ بچے تھے، جب کہ 86 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق، ملک بھر میں مون سون بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 299 ہو گئی، جو اس سے پہلے 234 تھی۔ محکمہ موسمیات نے اس ہفتے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواں کی پیش گوئی کی تھی۔محکمہ نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ شہری سیلاب کے خلاف پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات