پسنی، پاک بحریہ اور اے این ایف نے 3.8 کروڑ ڈالر مالیت کی منشیات پکڑلی

جمعرات 7 اگست 2025 21:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)پاک بحریہ نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)کے اشتراک جمعرات کو بلوچستان میں پسنی کے ساحل کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کی 1250 کلوگرام منشیات ضبط کرلی۔پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ اور اے این ایف اس سے قبل بھی متعدد انٹیلی جنس بنیاد پر مشترکہ کارروائیاں کر چکے ہیں تاکہ ساحلی علاقوں میں غیرقانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔

بیان کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریبا 3کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہے، یہ منشیات بحیرہ عرب کے راستے بین الاقوامی مقامات پر اسمگل کیا جا رہا تھا۔بیان میں بتایا گیا کہ ضبط کی گئی اشیا میں 1100 کلوگرام چرس، 50 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ) اور 100 کلوگرام ہیروئن شامل ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پاکستان بحریہ اور اے این ایف کی اس کامیاب کارروائی کے نتیجے میں بڑی مقدار میں منشیات کی ضبطی، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بحریہ کے عزم کا ثبوت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ سمندر میں قانون کی حکمرانی قائم رکھنے کے اپنے قومی فریضے کو نبھاتی رہے گی۔گزشتہ سال بھی، پاکستان بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں ایک علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی گشت کے دوران بڑی مقدار میں منشیات ضبط کی تھیں۔2023میں، عرب سمندر میں ایک انٹیلی جنس پر مبنی مشترکہ انسداد منشیات کارروائی کے نتیجے میں تقریبا 3 ارب روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی تھیں۔