امریکا نے پاکستان میں تانبے کے شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہرکردی ، تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع

جمعرات 7 اگست 2025 21:47

امریکا نے پاکستان میں تانبے کے شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہرکردی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)امریکا پاکستان میں تانبے کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے اس ضمن میں وزارت تجارت نے تحریری تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرا دیں۔وزیر تجارت کے مطابق پاکستان تانبے کے وافر ذخائر سے مالا مال ہے، پاکستان تانبے کے ذخائر کے حوالے سے دنیا میں 5 ویں نمبر پر ہے، تانبے کے یہ ذخائر پاکستان کے تجارتی خسارے کو نمایاں حد تک کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستان زیادہ تر تانبے کی کچھ دھاتیں چین کو برآمد کرتا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کے مطابق امریکا نے پاکستان میں معدنیات خصوصا تانبیکے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔وزارت کے مطابق امریکا نے تانبے، لوہے، فولاد اور ایلومینیم کی درآمد پر 50 فیصد محصولات عائد کیے ہیں، ریفائن کردہ تانبے کو اس 50 فیصد سے مستثنی قرار دیا گیا ہے، امریکا کو ریفائن کردہ تانبا برآمد کرنا پاکستان کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔وزارت کے مطابق دنیا بھر میں تانبے کی طلب آئندہ برسوں میں مزید بڑھے گی،یہ صاف توانائی سے متعلق ٹیکنالوجیز میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔