دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے کے پی کو باقاعدہ فنڈز دیئے جارہے ہیں، اعظم نذیر تارڑ

جمعرات 7 اگست 2025 22:05

دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے کے پی کو باقاعدہ فنڈز دیئے جارہے ہیں، اعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)قومی اسمبلی کو وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے کے پی کو باقاعدہ فنڈز دیئے جارہے ہیں، ہمارا عزم ہونا چاہیے کہ ہمیں دہشت گردی سے پاک پاکستان چاہیے۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں اسد قیصر کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈویژایبل پول سے کے پی کو ایک فیصد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے دیا گیا،اس ہائوس سے یہ عزم ہونا چاہیے کہ ہمیں دہشت گردی سے پاک پاکستان چاہیے اور اس کے لئے ہم سب کو قربانی دینا ہوگی۔

دریں اثناء قومی اسمبلی کووزیر مملکت برائے پارلیمانی امور چوہدری ارمغان سبحانی کی جانب سے بتایا گیا کہ سرکاری سکیموں کے حوالے سے قائمہ کمیٹی متعلقہ فورم ہے۔

(جاری ہے)

ناز بلوچ نے پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کی وجہ سے سندھ کے اراکین اسمبلی کی سکیمیں متاثر ہونے سے متعلق سوال اٹھایا اور استفسار کیا کہ اس حوالے سے ان سکیموں کیلئے کہاں جانا پڑے گا جس پر پارلیمانی امور کے وزیر مملکت نے کہا کہ قائمہ کمیٹی ہی متعلقہ فورم ہے، پلاننگ کمیشن یا وزارت منصوبہ بندی مناسب فورم نہیں ہے۔

رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے بیورو کریٹس کی بجائے عوامی نمائندوں کو منصوبوں پر آن بورڈ لینے کے سوال پر وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کا جو طریقہ کار ہے پلاننگ کمیشن اس کی نگرانی کرتا ہے اور تمام سکیمیں متعلقہ وزارتیں اور محکمے جاری کرتے ہیں۔