چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

جمعرات 7 اگست 2025 22:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے باقاعدہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے مطابق ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس آمد پر سی ٹی او کو ٹریفک پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سی ٹی او نے تمام برانچ انچارجز سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ٹریفک ہیڈکوارٹرز کی مختلف برانچز کا دورہ کیا،شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے ہدایت کی کہ ٹریفک وارڈنز اور سٹاف شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کریں بالخصوص خواتین ، بزرگ شہریوں اور ٹرانسجینڈرز کی خصوصی عزت و احترام کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ حصولِ لائسنس کے تمام مراحل کو آسان اور میرٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ایک ڈسپلن فورس ہے،جس کا فرض ہے کہ قانون کی مکمل عملداری، حادثات میں کمی اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنائے۔

چیف ٹریفک آفیسر نے انچارج ایجوکیشن ونگ کو ہدایت دی کہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لیے سیمینارز اور آگاہی پروگرامز کو مزید مؤثر بنایا جائےجبکہ انچارج ڈرائیونگ سکول کو ویمن آن ویلز پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے سرکل افسران کو تلقین کی کہ غلط پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور شہر میں ٹریفک کی روانی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

سی ٹی او فرحان اسلم نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کو پنجاب کی مثالی فورس بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔سی ٹی او راولپنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی سہولت اور سڑکوں پر بلا تعطل ٹریفک روانی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :