سوشل میڈیا پرتوہین قرآن و توہین رسالت کی کاروائیاں عام ،حکومت خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھا رہی ‘ جلیل احمد شرقپوری

ناموس قرآن کانفرنس کے انعقاد کیلئے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام سے مشاورت شروع کر دی ہے ‘ سابق ممبر قومی اسمبلی کی پریس کانفرنس

جمعرات 7 اگست 2025 23:01

شرقپورشریف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)سابق ممبر قومی اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیاپر توہین قرآن و توہین رسالت کی کاروائیاں عام ہو رہی ہیں جس کیلئے حکومت وقت کو احسن طریقے سے آگاہ کر دیا گیا ہے ،حکومت اس نہایت حساس اور دلخراش مسئلے کے سدباب کے لئے خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھا رہی اور نہ ہی ہماری عدالتیں خصوصی توجہ دے رہی ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو متوجہ کرنے اور حرمت قران کے لئے سخت ترین قانون سازی کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے سینئر وکلاء سے مشاورت کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر مذہبی امور سے ملاقات کی ہے اور اس اہم معاملہ کی حساسیت کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت توہین قرآن کے ملزمان کے لئے سخت سے سخت سزا مقرر کرے،مقدس قرآنی کتب کو فی الفور غسل دے کر پاک و شفاف طریقے سے محفوظ کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔

اس اہم معاملے پر مزید مشاورت کے لئے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام سے مشاورت کرنے کے لئے ناموس قرآن کانفرنس بلائی جا رہی ہے تاکہ حکومت وقت کو بھر پور طریقے سے متوجہ کیا جائے اور اجتماعی طور پر حکومت کی رہنمائی بھی کی جاسکے ۔ اس عظیم مقصد کے لئے علمائے کرام و مشائخ عظام سے رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں۔