ٹیلنٹ کی قدر اور سرپرستی کی جائے تو ملک کا نام روشن کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں ہے، محمدایوب

جمعرات 7 اگست 2025 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء) عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمدایوب نے کہا ہے عام شہریوں میں کے ٹیلنٹ کی قدر اور سرپرستی کی جائے تو ملک کا نام روشن کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ شب عافیہ موومنٹ کے رضاکار اسلم خان اور محمود خان کے ہمراہ آن لائن ٹیکسی میں سفرکرتے ہوئی کہی، دوران سفر ڈرائیور آصف خان کوہستانی سے گفتگوکرنے پر پتہ چلا کہ وہ باکسر بھی ہے اور پروفیشنل مقابلہ میں برادر ہمسایہ ملک ایران کے باکسر کو شکست بھی دے چکے ہیں اور آجکل یوم آزادی باکسنگ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں پریکٹس میں مصروف ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمدایوب نے کہا کہ ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے مگرمساوی مواقع نہ ملنے، اقرباء پروری اور کرپشن کی وجہ سے یہ قیمتی ٹیلنٹ ضائع ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

آصف خان کوہستانی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے آن لائن ٹیکسی چلا کر گھر کا خرچہ اور باکسنگ کا شوق جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کے ٹیلنٹ نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا مگر ڈاکٹر عافیہ کے تعلیم کے شعبے میں ٹیلنٹ کی قدر نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی اور وفاقی وزارت ثقافت ، کھیل اور امور نوجوانان توجہ دے تو یہ ٹیلنٹ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ سرکاری اور پرائیویٹ ادارے تعلیم اور اسپورٹس کے شعبے میں باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی کریں۔