چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد،اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے انسداد تجاوزات مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ

جمعرات 7 اگست 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول فیصل نعیم، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ و ڈائریکٹر ڈی ایم اے ڈاکٹر انعم فاطمہ، ڈائریکٹر آئی سی ٹی رابعہ اورنگزیب اور دیگرسینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ سید پور کے علاقے میں 60 کنال سے زائد سرکاری اراضی کو غیر قانونی قابضین سے واگزار کروانے کے علاوہ جی ٹی روڈ پر بھی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور طریقے سے آپریشن کیا گیا۔

مزید برآں ایکسپریس وے، سری نگر ہائی وے، ترنول اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھر پور کارروائیاں کی گئیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے تمام سیکٹرز میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مہم کو مزید تیز کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے جہاں قانون کے مطابق تمام ناجائز تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائی کررہا ہے وہاں فیصلہ کیا گیا ہے کہ انسداد تجاوازات مہم کے دوران واگزار کرائی گئی زمینوں پر دوبارہ تجاوزات روکنے کیلئے مستقل نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا جس کے تحت نہ صرف متعلقہ علاقوں کی باقاعدگی کے ساتھ ڈرون فوٹیجز کے علاوہ گوگل ارتھ سے بھی مدد لی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد سے تمام تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ اس کے علاوہ مستقل بنیادوں پر غیر قانونی تجاوزات سے چھٹکارا پانے کیلئے ماحول دوست شجرکاری کے علاوہ متعلقہ جگہ کا بہترین استعمال کرنے کے لئے بہترین منصوبہ بندی کی جائےتاکہ اسلام آباد کو مستقبل میں تجاوزات سے پاک، خوبصورت اور مثالی دارلحکومت بنانے میں مدد مل سکے۔