جاپانی سرمایہ کار وفد کا دورہ، خیبر پختونخوا میں آئی ٹی، زراعت اور اسٹارٹ اپس کے شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعہ 8 اگست 2025 16:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) اوساکا ایکسپو 2025 میں خیبر پختونخوا کی مؤثر شرکت کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ جاپان کی معروف کمپنی فرنٹیئر ایل ایل سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر اوتانی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی جاپانی سرمایہ کار وفد نے خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا دورہ کیا، جہاں صوبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ دورہ اُس دعوت کا تسلسل ہے جو اوساکا ایکسپو کے موقع پر خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاپانی سرمایہ کاروں کو صوبے کی سیاحت، تجارت اور صنعتوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے دی گئی تھی۔دورے کے دوران کے پی بی او آئی ٹی حکام نے وفد کو صوبے کی تیزی سے ابھرتی ہوئی کاروباری فضا، سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آئی ٹی، زراعت اور اسٹارٹ اپس کے شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کیا گیا۔دورے کا اہم ترین مرحلہ کے پی بی او آئی ٹی اور فرنٹیئر ایل ایل سی کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت (MoU) پر دستخط تھے، جس کا مقصد خیبر پختونخوا میں آئی ٹی، زراعت اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی ترقی میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری صنعت وحرفت اور فنی تعلیم / سی ای او کے پی بی او آئی ٹی مسعود احمد نے ٹیم کی بین الاقوامی سطح پر روابط قائم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے طویل المدتی منصوبوں کے لیے ٹھوس حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :