پی ٹی وی کو دیوالیہ ثابت کرنے کی سازش جار ہی ہے ، تنخواہوں میں تاخیر، اثاثوں پر نجکاری مافیا کی نظریں ہیں‘ حسن مرتضیٰ

ہفتہ 9 اگست 2025 21:34

پی ٹی وی کو دیوالیہ ثابت کرنے کی سازش جار ہی ہے ، تنخواہوں میں تاخیر، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما حسن مرتضیٰ نے پاکستان ٹیلی ویڑن کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ قومی ادارے کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مصنوعی مالی بحران کا شکار کیا جا رہا ہے، تاکہ اس کے قیمتی اثاثے مخصوص نجی مفادات کے حوالے کیے جا سکیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے ملازمین کئی کئی ماہ سے تنخواہوں اور پنشن سے محروم ہیں، اور جان بوجھ کر ان کے مالی حقوق میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پی ٹی وی کی زبوں حالی کے پیچھے حکومتی بدنیتی اور نجکاری کے عزائم کارفرما ہیں، جن کا مقصد کھربوں روپے مالیت کی عمارتوں پر قبضہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ ماضی کی طرح اس بار بھی اپنے فرنٹ مین کے ذریعے ادارے کی عمارتیں خریدنے کی تیاری کر رہی ہے، جب کہ پی ٹی وی فیس کے 35 روپے کو بجلی کے بلوں سے ختم کرنا بھی اسی سازش کا ایک حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کو دیوالیہ قرار دینے کا سہرا موجودہ وزیر اطلاعات اور ایم ڈی پی ٹی وی کے سر بندھتا ہے، جنہوں نے ادارے کو اس حال تک پہنچایا۔ ان کے مطابق، ادارے کو مالی بحران میں دھکیل کر اس کے اثاثے نیلام کرنے کا راستہ ہموار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ پی ٹی وی ہی نہیں بلکہ پاکستان اسٹیل مل سمیت دیگر قومی اداروں کی نجکاری دراصل مزدور اور تنخواہ دار طبقے کا معاشی قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کو تباہ کر کے مخصوص گروہوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے، جسے عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔