شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری محض ادب نہیں بلکہ روح کی رہنمائی ہے،بلاول بھٹو زرداری

ہفتہ 9 اگست 2025 22:19

شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری محض ادب نہیں بلکہ روح کی رہنمائی ہے،بلاول ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سرزمینِ سندھ کے عظیم صوفی بزرگ و شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں محبت، امن، برداشت اور روحانی مزاحمت کی ایک لازوال علامت قرار دیا ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری محض ادب نہیں بلکہ روح کی رہنمائی ہے، جو انسانیت کے ضمیر سے ہمکلام ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ لطیف کا پیغام زخموں پر مرہم رکھنے کی دعوت ہے۔ ایک ایسا معاشرہ تعمیر کرنے کی پکار ہے جو ہمدردی، مساوات اور تمام مذاہب و اقوام کے احترام پر قائم ہو۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ شاہ لطیف کے اس وژن سے رہنمائی لی ہے جو ایک جامع اور منصفانہ معاشرے کا خواب دکھاتا ہے، جہاں ہر انسان کو، چاہے وہ کسی بھی ذات، نسل یا طبقے سے تعلق رکھتا ہو، عزت و وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پوری قوم بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کی تعلیمات کا ازسرِ نو مطالعہ کریں اور انہیں اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہ لطیف کے کلام کی سروں میں امن اور ترقی کا خاکہ چھپا ہے ۔ آئیے ان کی آواز سنیں، سیکھیں اور محبت سے قیادت کریں۔