اسرائیل غزہ پر قبضے کا منصوبہ ترک کرے، برطانیہ، آسٹریلیا اور ترکیہ یک زبان

اسرائیل کا فیصلہ غلط ہے، نظر ثانی کی جانی چاہیے، اسرائیل کے اقدام سے صورتحال مزید بد تر ہو سکتی ہے،بیان

جمعہ 8 اگست 2025 17:55

ْلندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)برطانیہ، آسٹریلیا اور ترکیہ نے اسرائیل پر غزہ کے قبضے کا منصوبہ ختم کرنے پر زور دیا ہے۔برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اسرائیل کے غزہ پر قبضے کے مذموم منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا فیصلہ غلط ہے، نظر ثانی کی جانی چاہیے، اسرائیل کے اقدام سے صورتحال مزید بد تر ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے اسرائیلی منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا اسرائیل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس راستے پر نہ جائے جو غزہ میں تباہی کو مزید بڑھا دے گا، مستقل جبری بے دخلی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، دو ریاستی حل ہی پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔ترک وزارت خارجہ نے کہا کہ انتہا پسند نیتن یاہو حکومت کی نسل کشی اور قبضہ بڑھانے کی کوشش عالمی امن و سلامتی کو سنگین نقصان پہنچا رہی ہے، اسرائیل فوری جنگی منصوبے روکے، جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کرے اور دو ریاستی حل کے لیے مذاکرات شروع کرے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پر لازم ہے کہ اسرائیلی منصوبے کو روکنے کی ذمہ داری ادا کرے، اقوام متحدہ سلامتی کونسل اسرائیل کے خلاف لازمی اور مثر فیصلے کرے۔