سندھ حکومت کا صوبے میں 9 اور 15 اگست کو تعطیل کا اعلان

عدالتوں میں بھی تعطیل دے دی گئی، سندھ ہائیکورٹ، کراچی، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد بینچز اور ماتحت عدالتیں کل بندرہیں گی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 8 اگست 2025 16:24

سندھ حکومت کا صوبے میں 9 اور 15 اگست کو تعطیل کا اعلان
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست 2025ء ) سندھ حکومت نے صوبے میں 9 اور 15 اگست کو تعطیل کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوفی بزرگ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر 14 صفر المظفر 9 اگست کو سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، عام تعطیل کے باعث صوبے میں سندھ حکومت کے دفاتر اور تعلیمی ادارے 9 اگست کو بند رہیں گے، اسی طرح سندھ بھر کی عدالتوں میں بھی تعطیل دے دی گئی ہے، جس کے تحت سندھ ہائیکورٹ، کراچی، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد بینچز اور ماتحت عدالتیں کل بندرہیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ سندھ بھر میں 15 اگست کو بھی تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، محکمہ تعلیم سندھ نے چہلم امام حسینؓ کے موقع پر سرکاری ونجی سکولز میں 15 اگست کو تعطیل کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے محکمہ تعلیم سندھ نے تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ملک میں یوم آزادی کے موقع پر اس بار ایک ساتھ 4 تعطیلات کا امکان ہے، کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے تحت پاکستان میں 14 اگست بروز جمعرات کو یوم پاکستان کے موقع پر عام تعطیل ہوگی، جب کہ اس سے اگلے ہی روز جمعہ 15 اگست کو چہلم امام حسینؓ ہے، ویسے تو چہلم کی چھٹی وفاقی تعطیلات میں شامل نہیں تاہم صوبائی سطح پر اس دن مقامی تعطیل ہوتی ہے، گزشتہ سال بھی راولپنڈی اور کراچی میں چہلم کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس دفعہ بھی بعض علاقوں میں یہ تعطیل ہوسکتی ہے اس صورت میں متعلقہ علاقوں میں 15 اگست کو بھی چھٹی ہوگی، اس طرح مخصوص علاقوں میں چہلم کی تعطیل کی صورت میں جمعرات 14 اگست، جمعہ 15 اگست، ہفتہ 16 اور اتوار 17 اگست کی تعطیلات یکجا ہو سکتی ہیں، جب کہ سرکاری حکام کی طرف سے یوم آزادی اور چہلم کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔