وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس، ریجنل وزراء ٹرانسپورٹ کانفرنس کے انعقاد سے متعلق اہم فیصلے، پاکستان اکتوبر میں دو روزہ کانفرنس کی میزبانی کرے گا

جمعہ 8 اگست 2025 18:54

وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس، ریجنل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پاکستان اکتوبر میں دو روزہ ریجنل ٹرانسپورٹ وزراء کانفرنس کا انعقاد کرے گا جس میں 27 ممالک کے وزرائے ٹرانسپورٹ، سفیروں اور عالمی اداروں کے نمائندوں کو مدعو کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ریجنل وزراء ٹرانسپورٹ کانفرنس کے انعقاد سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

ریجنل ٹرانسپورٹ وزراء کانفرنس 23 اور 24 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گی جس کا مقصد خطے میں علاقائی تعاون، باہمی رابطوں اور ذرائع مواصلات کی بہتری کو فروغ دینا ہے۔ اس کانفرنس کیلئے افغانستان، آذربائیجان، بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، چین، ایران، قازقستان، کرغزستان، مالدیپ، ملائیشیا، نیپال، عمان، قطر، روس، سعودی عرب، سری لنکا، تاجکستان، ترکیہ، ترکمانستان، یو اے ای، ازبکستان، مصر، انڈونیشیا، مراکش اور کینیا کو مدعو کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، انٹرنیشنل روڈ آرگنائزیشن (آئی آر او) اور دیگر عالمی اداروں کے سربراہان و نمائندگان کو بھی اس کانفرنس میں شرکت کیلئے دعوت دی جا رہی ہے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ وزراء کانفرنس کے پاکستان کے ذرائع آمدورفت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور علاقائی سطح پر ہم آہنگی میں مزید اضافہ ہوگا۔

کانفرنس کی میزبانی میں وفاقی وزراء برائے ریلوے، تجارت، ایوی ایشن اور میری ٹائم بھی شریک ہوں گے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں دو روزہ ایونٹ میں مختلف سیشن، ثقافتی تقریبات اور مشترکہ تعاون سے متعلق تجاویز زیر غور آئیں۔وفاقی سیکرٹری مواصلات اور سینئر افسران نے ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے مختلف سفارشات پیش کیں۔