پاکستان کی ڈیجیٹائزیشن کی سمت میں اٹھائے گئے اقدامات معیشت کی ترقی اور ملک کو عالمی سطح پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، شہبازشریف

جمعہ 8 اگست 2025 22:08

پاکستان کی ڈیجیٹائزیشن کی سمت میں اٹھائے گئے اقدامات معیشت کی ترقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2025ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے گزشتہ برس کے 3.8 ارب ڈالر کے آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو کامیابی سے عبور کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ برسوں میں 30 ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کامیاب اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جس میں فری لانسرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ، نئے اسٹارٹ-اًپس کو عالمی سطح پر معاونت فراہم کرنے اور 5 لاکھ سے زائد افراد کو 4G تک رسائی دینے جیسے اہم اہداف کا ذکر کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹائزیشن کی سمت میں اٹھائے گئے اقدامات معیشت کی ترقی اور ملک کو عالمی سطح پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے آئی ٹی برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے پورے ڈیجیٹل ایکو سسٹم اور انفراسٹرکچر کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور این آئی ٹی بی کی ازسر نو تنظیم اور جدید نظام کی تشکیل، نوجوانوں اور خواتین کو آئی ٹی کے شعبے میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی غرض سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے تیز رفتاری سے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پاکستان کی معیشت کو عالمی سطح پر ایک نئی سمت دی جا سکے۔