حکومتی رہنماوں پر خزانہ نچھاور کرنے کا سلسلہ جاری

پنجاب کی وزیر اعلٰی مریم نواز، وزرا اور اسپیکر کو چھٹی پر بھی تنخواہ دینے کی تیاریاں

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 اگست 2025 22:35

حکومتی رہنماوں پر خزانہ نچھاور کرنے کا سلسلہ جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست2025ء) حکومتی رہنماوں پر خزانہ نچھاور کرنے کا سلسلہ جاری، پنجاب کی وزیر اعلٰی مریم نواز، وزرا اور اسپیکر کو چھٹی پر بھی تنخواہ دینے کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور وفاق کی حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے اپنے حکومتی رہنماوں کیلئے خزانے کا منہ کھولے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سٹی 42 نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کی وزیر اعلٰی مریم نواز سمیت، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزراء کو اب چھٹی کرنے کے باوجود تنخواہ ملے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور وزرا کو چھٹی کے دوران بھی تنخواہ اور الاؤنس دینے کی تیاری کر لی گئی۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی مشیروں کی طرز پر وزرا کو بھی چھٹی پر الاؤنس دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ قانون نے ترمیمی بل کا ڈرافٹ تیار کر کے وزیراعلیٰ کو ارسال کر دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی سفارش پر تیار کی گئی سمری میں وزرا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو چھٹی کے دوران تنخواہ کے برابر قانونی حق دینے کی شق شامل ہے۔

قانون میں مجوزہ ترمیم کے ذریعے چھٹی کی مراعات اور الاؤنس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ دوسری جانب سندھ میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے بھی اپنی اتحادی جماعت ن لیگ کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاق اور پنجاب کے وزراء اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں ریکارڈ توڑ اضافے کے بعد اب سندھ کے اراکین اسمبلی کیلئے بھی خزانے کے منہ کھول دیے گئے۔

جمعہ کے روز سندھ اسمبلی نے اراکین صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قادر شاہ کی صدارت میں ہوا جہاں صوبائی وزیرپارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار نے سندھ اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا بل 2025 پیش کیا۔ وزیرپارلیمانی امور ضیاالحسن لنجار کی جانب سے پیش کیا گیا مذکورہ بل ایوان میں بل کی مرحلہ وار منظوری دی گئی اور تمام اراکین اسمبلی نے بل کی متفقہ حمایت کی۔ یہاں واضح رہے کہ اس سے قبل حکمران جماعتیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی وفاق اور پنجاب اسمبلیوں کے اراکین سمیت وزراء، اسپیکر قومی اسمبلی اور چئیرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں 900 فیصد تک اضافہ کروا چکیں۔