میجر طفیل محمد شہید کی 67 ویں برسی ، وزیراعظم آزاد کشمیر کا شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

جمعہ 8 اگست 2025 22:55

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے میجر طفیل محمد شہید کی 67 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں میجر طفیل محمد شہید (نشان حیدر)کو ان کی جرآت اور بہادری پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے، اپنے پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے 8 اگست کو اپنے لہو سے شجاعت کی عظیم داستان رقم کی تھی، تاریخ نے دیکھا کہ میجر طفیل محمد شہید نے نشان حیدر کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب شامل کیا،پاک فوج کے شہید میجر طفیل محمد نے دشمن کو اس کی صفوں میں گھس کر مارا،میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کی اندھا دھند فائرنگ کے باوجود اپنی بٹالین کی پیش قدمی جاری رکھی، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید مشن کے دوران شدید زخمی ہونے کے باوجود ثابت قدم رہے اور دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا،میجر طفیل محمد شہید کے آخری الفاظ کہ، ''میں نے اپنا کام مکمل کر دیا ہے، دشمن بھاگ گیا ہی''، آج بھی ہمارے جوانوں کے لیے غیر متزلزل جذبہ کا عکاس ہے، چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آج بھی وطن کا ہر سپاہی میجر طفیل شہید کے جذبے سے سرشار ہو کر وطن کی سلامتی کے لیے چوکس کھڑا ہے،وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں یہی جذبہ گونجتا رہا اور بزدل دشمن کو ہر محاذ پر پسپائی کا سامنا کرنا پڑا،معرکہ حق میں ہمارا ہر سپاہی میجر طفیل محمد شہید بن کر لڑا اور اللہ تعالیٰ نے قوم کو سرخرو کیا،دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے میجر طفیل محمد شہید کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔