جشن آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے طالبات کے مابین ملی نغموں کے مقابلے

جمعہ 8 اگست 2025 23:02

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) سیکرٹری محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ کی ہدایات پر ڈائریکٹوریٹ یوتھ افیئرز سندھ کی جانب سے پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی مناسبت سے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بیراج کالونی سکھر میں طالبات کے درمیان ملی نغموں کا مقابلہ منعقد کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئر معز حسین نے پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا، نوجوان بالخصوص طلباء و طالبات مستقبل کے معمار ہیں۔

پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی و معرکۂ حق کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کی ثقافتی روایات اور قومی جذبے کی عکاسی کرتے ہوئے اسکول اور کالج طالبات نے ٹیبلوز پیش کیے ۔

(جاری ہے)

بعد میں طالبات میں ملی نغموں کا مقابلہ منعقد ہوا، 15 سے زائد اسکولوں اور کالجوں نے حصہ لیتے ہوئے حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن ایلیمنٹری، سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری اسکولز سکھر حافظ شہاب الدین انڈھر نے اپنے خطاب میں طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نوجوانوں اور افواج پاکستان کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے دیگر مہمانوں میں تعلقہ ایجوکیشن آفیسر میل ایلیمنٹری، سیکنڈری اینڈ ہائیر سیکنڈری سکھر سٹی جاوید حمید قریشی، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول بیراج کالونی سکھر فوزیہ گل میمن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ای ایس اینڈ ایچ ایس سکھر سید غلام مرتضیٰ شاہ، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر فیمیل ای ایس اینڈ ایچ ایس سکھر سٹی رخسانہ لاشاری اور ڈسٹرکٹ اسکاؤٹس سیکرٹری سکھر شبير علی شیخ کے علاوہ دیگر سرکاری افسران اور سول سوسائٹی کے اراکین شامل تھے۔ ملی نغموں کے مقابلے کی فاتح طالبات اور مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔ تقریب میں اساتذہ، والدین اور سماجی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔