کراچی یونین آف جرنلسٹ (نظریاتی)کے وفد کی مرکزی چیئرمین سنی تحریک ثروت اعجاز قادری سے ملاقات

جمعہ 8 اگست 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)قادری ہاؤس میں چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کے لیے صحافیوں کے وفد کی آمد۔وفد کی قیادت سیکرٹری کے یوجی(نظریاتی)عمران ہاشمی نے کی،وفد میں جوائنٹ سیکرٹری شعیب عالم،انفارمیشن سیکرٹری ظفر علی خان،مجلس عاملہ کے رکن فیضان،عبدالسمیع انصاری اور محمد حمزہ عباسی شامل تھے۔

وفد میں آل پاکستان جونیجو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ممو جونیجو شامل تھے۔وفد سے ملاقات میں مرکزی چیئرمین سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کے ہمراہ مرکزی کوآرڈینیٹر سنی تحریک طیب حسین قادری،مرکزی ترجمان سنی تحریک خالد ضیا بھی موجود تھے۔ملاقات میں صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی میں درپیش مسائل ملک کی موجودہ صورتحال اور اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں یوم آزادی پر ملک و ملت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹوں پر مفصل گفتگو بھی کی گئی۔ملاقات کے موقع پر مرکزی چیئرمین سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کو سانحہ یوسف گوٹھ اور صحافیوں پر ہونے والے قاتلانہ حملے سے آگاہ کیا گیا۔وفد نے مرکزی چیئرمین سنی تحریک کوشرپسند عناصر کی بھی نشاندہی کی۔وفد نے بتایا کہ سنی تحریک کا نام استعمال کرکے صحافیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

مرکزی چیئرمین سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے صحافیوں کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد تحریک کو بدنام کرنے کی سازش کرنے والوں کا احتساب کیا جائے گا ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں مرکزی چیئرمین سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پیکا ایکٹ جو صحافیوں کے لئے کالے قانون کے تحت سامنے آیا اب اس سے خلاصی پر میں تمام صحافی برادری کی کاوشوں پر ملنے والے استثنی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

مرکزی چیئرمین سنی تحریک نے کہا کہ میں کراچی کا ہوں اور اس میں رہنے والے شہریوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں،ہم نے ہر میدان میں کام کیا،لیکن سسٹم کے نام پر کام کرنے والے اس شہر کے باسیوں کو سکون دینے پر رضامند نہیں ہیں۔پاکستان سنی تحریک اپنی مدد آپ کے تحت عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے گوشہ رہتے ہیں،تشدد اور مار پیٹ کی پالیسی کے خلاف کام کرتی ہیں،اسی لئے ہم اس مافیا کے لاڈلے نہیں جہاں لوگ راتوں رات قبول اور مقبول ہو جاتے ہیں۔

یوم آزادی پر بات کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین سنی تحریک کا کہنا تھا کہ اس ملک کی آزادی کو 78 سال مکمل ہونے کو آ رہے ہیں،لیکن یہ دنیا کا واحد ملک ہے جس نے تنزلی کی راہ میں تیزی سے ترقی کی ہے۔اس یوم آزادی پر عہد کریں کہ ہر شخص ہر میدان میں صرف پاکستان اور پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرے اور سسٹم کے نام سے اجتناب کرے گا تو ہم بھی ترقی یافتہ قوموں کی فہرست میں شامل ہوسکتے ہیں۔