آئی سی سی آئی کوالالمپور میں بزنس اپرچونٹی کانفرنس کی میزبانی کرے گا،میگا ایونٹ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا، ناصر منصور قریشی

جمعہ 8 اگست 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) جو پاکستان کی کاروباری برادری کی نمائندگی کرنے والا ایک اعلیٰ پلیٹ فارم ہے، کوالالمپور ملائیشیا میں ایک اعلیٰ سطحی کاروباری کانفرنس اور آئی سی سی آئی گلوبل گیٹ وے ایوارڈز 2025 کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ واضح رہے کہ یہ اہم ایونٹ 25 سے 29 اگست تک جاری رہے گا۔

آئی سی سی آئی کی جانب سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس باوقار بین الاقوامی تقریب میں پاکستان کے متنوع اقتصادی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زائد سرکردہ تاجر اور سرمایہ کار شرکت کریں گے جو پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، تعاون، ثقافتی تبادلوں اور سیاحت کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گی۔

(جاری ہے)

چیمبر ہائوس میں تقریب کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری کے ہمراہ اعلان کیا کہ کانفرنس اور ایوارڈز کی تقریب میں اہم ترین شخصیات کی شرکت متوقع ہے جن میں ملائیشیا کے نائب وزیر اعظم، دونوں ممالک کے وزراء، ملاکہ کے وزیر اعلیٰ، سی ای اوز، سفارتکار، کاروباری لیڈرز اور میڈیا ہیڈز شامل ہیں۔

اس موقع پر بی ٹو بی نیٹ ورکنگ سیشنز اور ملائیشیا کی حکومت، بین الاقوامی کاروباری رہنمائوں اور ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے تعاون سے سرمایہ کاری میٹنگز منعقد ہوں گی۔ کاروباری مصروفیت کے علاوہ شرکا ملائیشیا کے ثقافتی ورثے، تاریخی اور تفریحی مقامات کے دورے بھی کریں گے۔صدر ناصر منصور قریشی نے تقریب کو ممکن بنانے میں غیر متزلزل تعاون پر وزارت تجارت، دفتر خارجہ اور دونوں ممالک کے ہائی کمشنز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ سنگ میل پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے ایک طاقتور برانڈنگ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا، بامعنی شراکت داری کو فروغ دے گا اور اپنے ملائیشین ہم منصبوں کے ساتھ نئی تجارتی ہم آہنگی پیدا کرے گا۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے یہ ایک اہم لمحہ ہے اور یہ کہ میں اپنی کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ وہ اپنی مصنوعات کو فروغ دینے، سٹریٹجک اتحاد قائم کرنے اور انٹرپرائز کے ذریعے اقتصادی سفارتکاری کو مضبوط مضبوط بنانے کیلئے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔