ریجنل پولیس آفیسر و کمشنر کی زیر صدارت ڈیرہ غازی خان میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے حوالے سےاجلاس کا انعقاد

جمعہ 8 اگست 2025 22:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسینؓ کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے۔اجلاس میں چہلم کے فول پروف سکیورٹی اقدامات، ممکنہ خطرات (تھریٹ الرٹس)، پیش آمدہ چیلنجز اور سابقہ غیر حل شدہ تنازعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

آر پی او نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں امن کمیٹیوں اور امام بارگاہوں کے منتظمین کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ پرامن فضا برقرار رکھی جا سکے۔حکومت کی اجازت کے بغیر واک پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سابقہ خلاف ورزیوں میں ملوث افراد سے تحریری بیانِ حلفی لینے اور ان پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

ڈی پی اوز کو جلوسوں کے روٹس کا خود معائنہ کرنے، مقررہ اوقات اور روٹ کی مکمل پابندی کرانے، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے گردونواح میں سی ٹی ڈی و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کرنے کی ہدایت دی گئی۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہوٹلوں، سراؤں اور دیگر مقامات کی سخت چیکنگ اور مشکوک افراد پر نظر رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ چہلم کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے، واک کی اجازت صرف حکومت کی منظوری سے ہو گی اور قانون شکنی پر مقام و مرتبے کا لحاظ کیے بغیر سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :