Live Updates

پی ڈی ایم اے پنجاب کا دریائے ستلج و ملحقہ ندی نالوں میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری

جمعہ 8 اگست 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے ستلج اور اس سے منسلک ندی نالوں میں ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 13 اگست سے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کا امکان ہے، جس کے باعث دریائے ستلج میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بالائی آبی ذخائر سے پانی کے اخراج اور بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں حالیہ غیر معمولی اضافے کے باعث خطرہ بڑھ گیا ہے، بھاکڑا ڈیم 61 فیصد، پونگ ڈیم 76 فیصد جبکہ تھین ڈیم 64 فیصد بھر چکا ہے،گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سمیت لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

(جاری ہے)

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے اور ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو الرٹ رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں بھی ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ عوام کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھنے کا عمل جاری ہے، دریائوں کے کناروں پر موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلا کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات