پنجاب میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز کے حوالے سے اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا

جمعہ 8 اگست 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پنجاب میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز کے حوالے سے اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے اونچی عمارتوں، آگ کے مقامات اور دشوار گزار راستوں پر ریسکیو کیلئے جدید ڈرون حاصل کر لیے ہیں۔ترجمان کے مطابق پاکستان میں اپنی طرز کے پہلے سول ڈیفنس کے ایئر لفٹ ڈرون مصیبت میں پھنسے انسانوں کو ریسکیو کر سکیں گے، محکمہ داخلہ پنجاب میں شہری دفاع کے ایئر لفٹ ڈرون نے ٹیسٹ فلائٹ کے دوران 60 کلو کی ڈمی کو ریکسیو کیا، چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری داخلہ نے ڈرون سے ریسکیو کا مظاہرہ دیکھا۔

اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب سول ڈیفنس کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے، جدید ڈرون سروس سے ناقابل رسائی اور خطرناک مقامات سے انسانوں کو محفوظ انداز میں ایئرلفٹ کیا جاسکے گا۔چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید ڈرون سروس کے اجرا سے سول ڈیفنس نے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے، سیلاب اور ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس جوان فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ جدید آلات سے شہری دفاع کو عالمی معیار کے مطابق لااور سول ڈیفنس میں شہریوں کی بطور رضاکار رجسٹریشن کیلئے خصوصی ایپ متعارف کروا رہے ہیں۔