سکیورٹی فورسز کا آپریشن؛ پاک افغان سرحد پر مزید 14 خوارج مارے گئے

2 روزہ انسداد دہشتگردی آپریشن کے دوران ہلاک بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی مجموعی تعداد 47 ہوگئی؛ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 اگست 2025 13:47

سکیورٹی فورسز کا آپریشن؛ پاک افغان سرحد پر مزید 14 خوارج مارے گئے
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء ) پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب کلیئرنس آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ مزید 14 خوارج ہلاک ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب پاکستان اور افغانستان سرحد کے قریب سمبازہ کے گردونواح میں منصوبہ بندی کے تحت کلیئرنس آپریشن کیا گیا، اس دوران مزید 14 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر بارودی مواد برآمد ہوا۔

افواج کے ترجمان ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 7 اور 8 اگست 2025ء کی درمیانی رات خوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت نوٹ کی گئی جس کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا جنہوں نے پاکستان و افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی جس کا سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں پتہ لگایا اور مؤثر طریقے سے دراندازی کی ان کی کوشش کو ناکام بنایا، سکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائی اور ہنر مندی کے نتیجے میں 33 ہندوستانی سپانسر شدہ خوارج کو جہنم واصل کیا گیا، جن سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ 2 روزہ انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی مجموعی تعداد 47 ہوچکی ہے، علاقے میں پائے جانے والے دیگر خوارج کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے اپنے عزم میں پرعزم اور غیر متزلزل ہیں، پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ، امن و استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔