بھارتی ایئرچیف کا جھڑپ کے تین ماہ بعد آپریشن سندور میں 5 پاکستانی طیارے مار گرانے کا دعویٰ

S 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کی رینج نے پاکستانی طیاروں کو ہندوستانی سرحد کے قریب آنے اور اپنے طویل فاصلے کے گلائیڈ بموں کا استعمال کرنے سے روک دیا تھا؛ اے پی سنگھ کا بنگلورو میں تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 اگست 2025 14:29

بھارتی ایئرچیف کا جھڑپ کے تین ماہ بعد آپریشن سندور میں 5 پاکستانی طیارے ..
بنگلورو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء ) رواں برس مئی میں دونوں ممالک کی جھڑپ کے تین ماہ بعد بھارتی ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے آپریشن سندور میں 5 پاکستانی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کردیا۔ بنگلورو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے تحت ہندوستانی فضائیہ کے ائیر ڈیفنس سرفیس ٹو ائیر میزائل سسٹم نے پاکستان کے 5 لڑاکا طیاروں اور ایک AWACS طیارے کو مار گرایا، S 400 ایئر ڈیفنس سسٹم نے ان پاکستانی طیاروں کو گرایا، جس کے لیے طیاروں کو 300 کلومیٹر کے فاصلے سے نشانہ بنایا گیا، S 400 سسٹم کو حال ہی میں فضائیہ میں شامل کیا گیا اور یہ پورے آپریشن میں گیم چینجر ثابت ہوا، اس کی رینج نے پاکستانی طیاروں کو ہندوستانی سرحد کے قریب آنے اور اپنے طویل فاصلے کے گلائیڈ بموں کا استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔

(جاری ہے)

ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے دعویٰ کیا کہ آپریشن سندور کے تمام اہداف پہلے سے طے شدہ تھے، عمارتوں کی درست نشاندہی کی گئی اور انہیں نشانہ بنایا گیا، اس آپریشن میں بہاولپور اور مریدکے میں دہشت گردوں کے دو ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا، حملے سے پہلے اور بعد کی سیٹلائٹ تصاویر کی بنیاد پر نقصان کا اندازہ لگایا گیا، اس مشن میں انٹر سروس کوآرڈینیشن اور جدید ترین ویپن سسٹم کی وجہ سے آپریشن کامیاب رہا اور دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

پہلگام حملے کا تذکرہ کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں پہلگام واقعے میں کتنے بے گناہ لوگ مارے گئے، اس کا جواب دینا ضروری تھا، یہ پیغام صرف لانچ پیڈ تک محدود نہیں رہنا چاہیئے بلکہ دہشت گرد قیادت کو بھی للکارنا چاہیئے، اس سوچ کے ساتھ اس مشن میں کل آٹھ ایجنسیوں اور تین فوجوں نے حصہ لیا دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ہم نے نو مقامات کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا، دہشت گردوں کے رہائشی علاقے اور میٹنگ ہال کو انتہائی درستگی کے ساتھ تباہ کیا گیا، ‘یہ بہت سوچا سمجھا اور منصوبہ بند آپریشن تھا جس میں ہم نے دن اور ہدف کا تعین کیا۔