شیرانی: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشتگرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 3 اکتوبر 2025 10:52

شیرانی: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ تارین، 03 اکتوبر 2025ء) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشگردو کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا جس میں دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے عناصر نشانہ بنے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اس سے قبل بھی بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں بھارتی سپانسرڈ 18 دہشتگرد ہلاک کئے تھے، جن میں سے کوئٹہ کے نواح میں سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 10 دہشت گرد مارے گئے اور ضلع شیرانی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں فورسز نے غزا بند میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا وہاں پہاڑی علاقے میں انٹیلی جنس اطلاعات پر ہونے والے اس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران سکیورٹی فورسز نے بھارتی اسپانسرڈ 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا، فائرنگ کے دوران سکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔