جگہ کی کمی، جرمن چڑیا گھر بندر مارنے لگا، دیگر جانوروں کو بھی خطرہ

چڑیا گھر کے خلاف جرمن اٹارنی جنرل کے دفتر میں 350 سے زائد شکایات درج

ہفتہ 9 اگست 2025 14:55

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)ایک جرمن چڑیا گھر جگہ کی کمی کی وجہ سے صحت مند بابون بندروں کو مارنے کے سکینڈل میں ملوث نکل آیا۔ ساتھ ہی چڑیا گھر نے کہا کہ دوسرے جانوروں کی باری بھی آ سکتی ہے۔ جنوبی جرمنی کے نورنبرگ چڑیا گھر کے ڈائریکٹر ڈیگ اینکے نے جمعہ کو مقامی اخبارات نورنبرگر سائیٹونگ اور نورنبرگر ناخریشٹن کو بتایا کہ مستقبل قریب میں کچھ کرونڈ لیمرز اور گوریلاز کو بھی مارا جا سکتا ہے۔

ڈیگ اینکے نے کہا کہ گوریلا کو مارنے پر ابھی سنجیدگی سے غور نہیں کیا گیا۔ ہم جذباتی وجوہات کی بنا پر ایسا نہیں کر پائیں گے چاہے یہ غیر پیشہ ورانہ اور غیر مستقل ہی کیوں نہ ہو۔ نورنبرگ چڑیا گھر کو گزشتہ جولائی کے آخر میں جگہ کی کمی کی وجہ سے 12 صحت مند بابون بندروں کو مارنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

جانوروں کے حقوق کے کارکنوں نے اس اقدام کی سخت مذمت کی تھی۔

اس اقدام پر ڈیگ اینکے کو موت کی متعدد دھمکیاں موصول ہوئیں۔ چڑیا گھر کے خلاف اٹارنی جنرل کے دفتر میں 350 سے زائد شکایات درج کردی گئی ہیں۔تاہم ڈیگ اینکے نے اس فیصلے کا دفاع جاری رکھا اور ماہر حیاتیات نے اخبارات کو بتایا کہ یہ قتل ناگزیر تھے جس کی وجہ ان کی افزائش کی شرح، افزائش نسل پر قابو پانے کی قانونی اور اخلاقی حدود اور بابون بندروں کو خریدنے والوں کی کم تعداد تھی۔

ڈیگ اینکے نے بندروں کو جنگل میں چھوڑنے کے اختیار کو بھی مسترد کر دیا اور کہا کہ یہ بالکل بھی حقیقت پسندانہ نہیں تھا۔چڑیا گھر نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ بابون کے باڑے میں زیادہ رش کی صورت میں جانوروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے قابل نہیں ہے۔ اضافی جانوروں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوششیں ناکام ہو چکی تھیں اور مادہ بندروں کی افزائش پر قابو پانے کی پچھلی کوششیں بھی ناکام ہو گئی تھیں۔

اینکے نے مزید کہا مجھے اس منطق میں کوئی خامی نظر نہیں آتی جب تک کہ لوگ یہ فیصلہ نہ کر لیں کہ اب انہیں اس طرح کے چڑیا گھر نہیں چاہیے۔ اینکے نے امید ظاہر کی کہ چڑیا گھر کے خلاف قانونی کارروائیاں ختم ہو جائیں گی ۔ ورنہ میرا خیال ہے کہ میں سائنسی طور پر یہ ثابت کر سکتا ہوں کہ یہ قتل ضروری تھا۔

متعلقہ عنوان :