معرکہ حق و جشن آزادی سپورٹس فیسٹول، کبڈی کا دلچسپ مقابلہ چارسدہ نے جیت لیا

ہفتہ 9 اگست 2025 22:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2025ء)خیبر پختونخوا سپورٹس ڈائریکٹوریٹ ، ریجنل سپورٹس آفس پشاور اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام معرکہ حق اور جشن آزادی کی مناسبت سے کھیلوں کے میلہ سجایا گیا جس میں گزشتہ روز پشاور اور چارسدہ کے درمیان کبڈی کا دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ قیوم اسٹیڈیم کے مرکزی گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس کانٹے دار مقابلے کو دیکھنے کے لئے پشاور اور چارسدہ سے ہزاروں کے تعداد میں شائقین پہنچے تھے۔

میچ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاںاو رڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم تھے اس موقع پر بھی ان کے ہمراہ اے ڈی سی پشاوراصغرسورانی ،ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان ، ڈپٹی ڈائریکٹر نعمت الله مروت، چیف کوچ شفقت اللهسمیت اہم شخصیات موجود تھے۔

(جاری ہے)

میچ سے قبل مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں کا کہنا تھا جشن آزادی کے موقع پر کھیلوں کے مقابلوں کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے اسلاف کی قربانیوں سے بھی آگاہ کرنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اور اب اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں کا کہنا تھا کہ کبڈی ہمارا روایتی کھیل ہے، آنے والے دنوں میں اس کھیل کے صوبائی اور قومی مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے سلسلے میں خیبرپختونخوا کے تمام ڈسٹرکٹس میں محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیراہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیاجارہا ہے ۔ پشاور اور چارسدہ کے درمیان کھیلے گئے کبڈی میچ میں سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کے بعد چارسدہ نے 33 کے مقابلے میں 35 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کر لی آخر میں مہمان خصوصی نے پشاور اور چارسدہ کی ٹیموں کے کپتانوں کو رنرزاپ اور فاتح ٹرافیاں دیں۔