اسلام آباد ہائیکورٹ، ریٹائرڈ پروفیسر کو پنشن کی رقم 2ماہ میں ادا کرنے کا حکم

ہفتہ 9 اگست 2025 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے فزکس کے ریٹائرڈ پروفیسر کو پنشن کی رقم 2ماہ میں ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ہفتے کو جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے کیس پر سماعت کی ۔عدالت نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی کو پنشن ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تعیناتی پر اعتراض نہیں کیا۔

عدالت نے فیصلے کی کاپی دونوں جامعات اور سیکریٹری فنانس بلوچستان کو بھیجنے کا حکم بھی دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پروفیسر ظفر الیاس 1987 سے 2009 تک بلوچستان یونیورسٹی میں پروفیسر رہے، وہ علامہ اقبال یونیورسٹی کی درخواست پر ڈیپوٹیشن پر آئے، انہوں نے مستقل پروفیسر کی پوسٹ کیلئے اپلائی کیا اور 2011 میں مستقل ہو گئے۔عدالت نے حکم میں کہا کہ پروفیسر ظفر الیاس جنوری 2023 میں 36سالہ پبلک سروس مکمل کر کے ریٹائر ہوئے، ان کی پیشن کی مجموعی رقم 37لاکھ 26ہزار 381 روپے بنی، پنشن کی رقم ادا نہ کئے جانے پر پروفیسر ظفر الیاس نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو درخواست دی، یونیورسٹی میں شنوائی نہ ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔