کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق، والد زخمی

جاں بحق افراد میں 22 سال کی ماہ نور اور 14سال کا علی رضا شامل‘موقع پر موجود شہریوں نے ڈمپروں کو آگ لگادی

اتوار 10 اگست 2025 11:05

کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق، والد زخمی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق اور والد زخمی ہوگیا۔ موقع پر موجود شہریوں نے ڈمپروں کو آگ لگادی۔جاں بحق افراد میں 22 سال کی ماہ نور اور 14سال کا علی رضا شامل ہیں، زخمی شخص اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔حادثے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے، شہریوں نے ڈمپر ڈرائیور پر تشدد کے بعد 7 ڈمپروں کو آگ لگادی۔

(جاری ہے)

ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز نے ڈمپروں میں لگی آگ پر قابو پالیا ہے۔پولیس نے ڈمپر جلانے کے الزام میں 10افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ حادثے کے بعد راشد منہاس روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔دوسری جانب ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے ڈمپروں کو جلانے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وئے سہراب گوٹھ سے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی۔روڈ بند ہونے سے ٹریفک جام اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ڈرائیورز نے نیشنل ہائی وے کو بھی بلاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔صدر ڈمپر ایسوسی ایشن حاجی لیاقت محسود نے کہا کہ 7 ڈمپرز جلانے کی زمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔