خدمات کے شعبہ کی قومی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 9.24 فیصد اضافہ

اتوار 10 اگست 2025 12:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) خدمات کے شعبہ کی قومی برآمدات میں گزشتہ مالی سال 2025 کے دوران 9.24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران برآمدات کی مالیت 8.39 ارب ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ مالی سال 2024 میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات سے 7.68 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح مالی سال 2024 کے مقابلہ میں مالی سال 2025 کے دوران خدمات کے شعبہ کی ملکی برآمدات میں 0.71 ارب ڈالر یعنی 9.24 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق فروری 2024 کے بعد خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں مسلسل اضافہ کا رجحان رہا تاہم اگست 2024 میں شعبہ کی برآمدات میں 6.5 فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی۔ ایس بی پی کے مطابق جون 2025 کے دوران خدمات کی برآمدات میں 12.91 فیصد کے اضافہ سے برآمدات کی مالیت 726.68 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ جون 2024 میں برآمدات کا حجم 643.59 ملین ڈالر رہا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن ، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز وغیرہ برآمدات میں 18.18 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں مالی سال 2025 میں برآمدات کا حجم مالی سال 2024 کی 3.223 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال میں برآمدات کا حجم 3.809 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ اسی طرح خدمات کے شعبہ کی متفرق برآمدات بھی 7.35 فیصد کی بڑھوتری سے 1.551 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.665 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ٹرانسپورٹ کی خدمات کی قومی برآمدات 27.86 فیصد کے نمایاں اضافہ سے 768 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 982 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں تاہم ٹریول سروسز کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 4.88 فیصد کی کمی سے برآمدات کی مالیت 758 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 721 ملین ڈالر تک کم ہوگئی۔ واضح رہے کہ حکومت نے آئندہ پانچ سال کے دوران آئی ٹی کی برآمدات کاسالانہ ہدف 15 ارب ڈالر مقرر کیا ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ سے قومی معیشت کی ترقی کے اہداف کا حصول ہے۔ اس حوالے سے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔\395