Live Updates

ڈیرہ غازی خان میں پیرا فورس کا فلیگ مارچ، مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائیوں کا اعلان

اتوار 10 اگست 2025 13:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) ڈیرہ غازی خان میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے شہر میں پاور شو کے طور پر فلیگ مارچ کا انعقاد کیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کی۔ اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر قلب حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری، اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان اور نذر حسین کورائی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیرا فورس کا مقصد عوام کی مشکلات بڑھانا نہیں بلکہ اُن کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ فورس مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرے گی۔ اس سلسلے میں پیرا فورس کے اختیارات کے لیے قانون سازی جاری ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق بھاری جرمانے، قید اور سمری ٹرائل کے ذریعے فوری فیصلے کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پیرا فورس کے اپنے انفورسمنٹ اسٹیشنز قائم کیے جا چکے ہیں اور 52 پولیس کانسٹیبلز کو ڈیپوٹیشن پر لیا گیا ہے، جبکہ انویسٹی گیشن افسران اور دیگر عملے کی تربیت جاری ہے، جو ستمبر سے فورس کا باقاعدہ حصہ بن جائیں گے۔ پیرا کا بورڈ تشکیل دیا جا چکا ہے، جس کی سربراہی ڈپٹی کمشنر کریں گے، جبکہ ڈی پی او اور دیگر افسران بطور رکن شامل ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ آج سے مارکیٹوں میں آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے، جس میں دکانداروں اور شہریوں کو پیرا کے قوانین اور سزاؤں سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔ ایک ہفتے کی مہلت کے بعد قانون کے مطابق سخت کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :