کراچی: سولجر بازار میں فائرنگ کا واقعہ، ایڈوکیٹ جاں بحق

ماڑی پور میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے والا شخص اسپتال میں دم توڑ گیاجبکہ گلشن اقبال سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد،جوہرکے علاقے میں فائرنگ سی2زخمی

اتوار 10 اگست 2025 14:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)کراچی کے علاقے سولجر بازار میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں وکیل ایڈوکیٹ ملک ناصر جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ناصر ملک پر پارکنگ ایریا میں فائرنگ کی گئی، وکیل کو ملزمان نے ٹارگٹ کرکے قتل کیا، جائے وقوعہ سے گولیوں کے کئی خول ملے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق مقتول ناصر ملک کا کسی سے تنازع چل رہا تھا، اہل خانہ ملزمان کے نام بھی جانتے ہیں، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلیے سول اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

، پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔اس سے قبل کراچی کے ماڑی پور گریکس کے علاقے میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا جمیل بنگش دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

جمیل کو زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔لواحقین کے مطابق جمیل بنگش پانچ بچوں کا باپ تھا اور طارق روڈ پر دفتر سے رقم لے کر گھر جا رہا تھا راستے میں ڈاکوں نے تعاقب کرتے ہوئے لوٹ مار کی کوشش کی مزاحمت کرنے پر ڈاکوں نے فائرنگ کر کے جمیل کو شدید زخمی کر دیا۔

علاوہ ازیں کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک13اے سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، ریسکیو اہلکاروں کے مطابق 4دن پرانی لاش گرائونڈ کے اندر سے ملی ہے جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔دوسری جانب گلستان جوہر بھٹائی آباد میں فائرنگ سے 2افراد زخمی ہوگئے، پولیس حکام کے مطابق واقعہ ملیر کینٹ تھانے کی حدود میں پیش آیا، زخمی شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔پولیس حکام کے مطابق پیدل آنے والے ایک شخص نے فائرنگ کرکے مقدم سومرو اور سجاد کو زخمی کیا، واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔