سیدال خان کی حمزہ شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات،ملکی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

اتوار 10 اگست 2025 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب و رکن قومی اسمبلی میاں محمد حمزہ شریف سے ماڈل ٹاؤن، مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے میاں محمد حمزہ شہباز شریف کو اسلام آباد میں اپنے چیمبر کے دورے اور صوبہ بلوچستان آنے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ملکی معاملات کی بہتری کے لیے جس جانفشانی سے کام کیا وہ قابلِ تحسین ہے، اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی اپنے دورِ حکومت میں بہترین حکمت عملی کے ذریعے کئی کامیابیاں حاصل کیں۔سیدال خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ میاں حمزہ شہباز شریف بلوچستان کا دورہ کر کے وہاں کے عوامی مسائل اور ترقیاتی امور کا جائزہ لیں گے، تاکہ صوبے میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

میاں حمزہ شہباز شریف نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی دعوت قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ نہ صرف بلوچستان کا دورہ کریں گے بلکہ اسلام آباد میں ڈپٹی چیئرمین کے دفتر میں ملاقات کر کے ملکی معاملات پر مزید مشاورت بھی کریں گے۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے معیشت کی بہتری اور ملک کی ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔